ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جموں وکشمیر: سری نگر میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں 3 دہشت گرد ہلاک

جموں وکشمیر: سری نگر میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں 3 دہشت گرد ہلاک

Sun, 21 Jun 2020 22:22:13    S.O. News Service

سری نگر، 21 جون (آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر کے سری نگر میں اتوار کے روز سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصام میں تین شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ شہر کے جنیمار علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے آج صبح علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔پولیس افسر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کر رہی تھیں، جب دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی، جس کے بعد انکاؤنٹر شروع ہوا۔ افسر نے بتایا کہ انکاؤنٹر میں تین نامعلوم دہشت گرد مارے گئے۔ سرچ آپریشن ابھی جاری ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پولیس کی بار بار کوششوں کے باوجود دہشت گردوں کے کنبہ کے افراد انہیں ہتھیار ڈالنے پر راضی کرنے میں ناکام رہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ حکام نے شہر میں احتیاطی اقدام کے طور پر موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تجارتی علاقوں کے بیشتر علاقوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔بتادیں کہ جموں و کشمیر میں انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے رواں سال اب تک 110 سے زیادہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔ پچھلے بیس دنوں میں سیکیورٹی فورسز کے ذریعہ تقریبا 36 دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔

جموں وکشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دل باغ سنگھ نے بتایا کہ یہ دہشت گرد لشکر طیبہ، جیش محمد اور حزب المجاہدین سے وابستہ تھے،اب وہ بے حد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔


Share: